بدھ 29 جولائی 2026 - 22:06
شیخ خز علی کا عراق کو امریکہ اور سعودی حملے کے بارے میں انتباہ

حوزہ/شیخ الخزعلی نے امریکہ اور سعودی عرب کی جانب سے عراق پر حملے کے خطرناک نتائج کے بارے میں عراق کو خبردار کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عصائب اہلِ حق عراق کے سیکریٹری جنرل شیخ قیس الخزعلی نے آج بدھ کے روز امریکہ اور سعودی عرب کی جانب سے الحشد الشعبی کے مراکز پر کیے گئے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کے خطرناک نتائج سے خبردار کیا۔

شیخ الخزعلی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم "ایکس" پر اپنے پیغام میں کہا کہ "غم اور درد سے لبریز دل کے ساتھ ہم الحشد الشعبی کے شہید ہونے والے مجاہدین کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ ان شہداء کو اپنی وسیع رحمت میں جگہ دے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد از جلد مکمل شفا نصیب کرے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ عراقی سرزمین کے اندر ایک عراقی سکیورٹی فورس کو نشانہ بنانا عراق کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ایسے وقت میں جب عراقی حکومت ملک کی خودمختاری کو مستحکم کرنے اور عراق کو مزید کشیدگی کی طرف دھکیلنے سے روکنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے، اس قسم کا اقدام سکیورٹی اور سیاسی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دے گا۔

عصائب اہلِ حق کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ بعض بیرونی ممالک، جو خود کو عراق کا اتحادی یا برادر ملک قرار دیتے ہیں، ہمارے سکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کریں اور ہمارے جوانوں کو شہید کر دیں، وہ بھی ایسے الزامات کی بنیاد پر جن کی صحت ثابت نہیں ہوئی، اور عراقی مسلح افواج کے کمانڈر اِن چیف کو یہ موقع بھی نہ دیا جائے کہ اگر الزامات درست ثابت ہوں تو وہ قانونی اور سکیورٹی اقدامات کر سکیں۔ یہ صرف عراق کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہی نہیں بلکہ اس کی قومی عزت و وقار کی توہین بھی ہے، جسے کوئی بھی غیرت مند عراقی قبول نہیں کر سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اس کے خطرناک نتائج سے خبردار کرتے ہیں۔ ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ عراقی عوام کے تمام طبقات، سیاسی قوتیں اور سماجی شخصیات اس سنگین جرم کے مقابلے کے لیے متحد ہوں اور حکومت کی ان کوششوں کی حمایت کریں جو ملکی خودمختاری کے تحفظ اور قومی وقار کے دفاع کے لیے ضروری فیصلے کرنے کے سلسلے میں جاری ہیں۔

شیخ الخزعلی نے عراق سے تمام غیر ملکی افواج کے انخلا کے عمل کو مکمل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ملک کی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لیے جدید فضائی دفاعی نظام خریدے جائیں تاکہ عراق اپنی فضائی حدود کا مؤثر دفاع کر سکے اور بار بار ہونے والی جارحیت اور فضائی خلاف ورزیوں کو روک سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے جوان زمینی محاذ پر بھی اپنے وطن کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، اور اگر جارح قوتیں اپنی حد سے آگے بڑھیں تو انہیں اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

آخر میں شیخ الخزعلی نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ "اللہ تعالیٰ عراق اور اس کے عوام کی حفاظت فرمائے، جارحین کی سازشوں کو انہی پر الٹ دے، شہداء پر اپنی رحمت نازل فرمائے اور زخمیوں اور متاثرین کو جلد صحت یاب کرے۔ آمین۔"

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha